آپ کی امداد کے منتظر – انصار عباسی

Ansar Abbasi

میں گزشتہ چند ایک برسوں سے کچھ ایسے فلاحی اداروں سے متعلق ہر رمضان میں اپنے قارئین سے مدد کی اپیل کرتا ہوں جو اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ذریعے خود اپنی اور اپنے کام کی تشہیر کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔اس سال بھی اپنی یہ ذمہ داری پورے کرتے ہوئے پڑھنے والوں کو یاد دلانا چاہوں گا کہ ایک ادارہ 2005 کے بعد بے سہارا، یتیم اور بے گھر بچیوں کیلئے اسلام آباد میں ’’ہمارا گھر‘‘ کے نام سے قائم ہوا ،جس کی بیٹیاں اب بڑی ہو گئی ہیں۔ اس دوران اور بھی کئی بیٹیاں ’’ہمارا گھر‘‘ کے خاندان کا حصہ بن چکیں اور اب ان کی کل تعداد تقریباً سو ہو چکی ہے۔یہ بچیاں پہلی جماعت سے لے کرگریجویشن تک تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ہمارا گھر کی کئی بیٹیاں تو اب قائداعظم یونیورسٹی، اسلامک یونیورسٹی وغیرہ میں بھی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ چند ایک بچیوں کی شادی بھی ہو چکی ہے۔ ابھی تک یہ ـ’’ہمارا گھر‘‘ کرائے کی بلڈنگ میں قائم ہے جو اس میں رہنے والی بیٹیوں کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ گزشتہ سال میں نے اپنے کالم میں لکھا تھا کہ ان بچیوں کے اپنے گھر کیلئے مخیر حضرات کے تعاون سے ڈی 12 سیکٹر سے ملحق علاقے میں پلاٹ لیا جا چکا ہے اور بجلی کا کنکشن اور ٹرانسفارمر بھی لگ گیاہے جب کہ پانی کیلئے بورنگ بھی ہو چکی۔ پچھلے سال میں نے اپیل کی تھی ’’ہمارا گھر‘‘ کی ان بیٹیوں کیلئے اپنے گھر کی تعمیر کیلئے پیسہ درکار ہے جبکہ دو تین سال کورونا کی وجہ سے ویسے ہی ’’ہمارا گھر‘‘ کی بیٹیوں کے اخراجات کافی مشکل رہے۔ کورونا کے دوران معاشی مسائل کے باعث بہت سے مخیر حضرات جو ’’اپنا گھر‘‘ کی انتظامیہ کے ذریعے بچیوں کو ماہانہ وظیفہ ادا کرتے تھے اُنہوںنے یہ فنڈنگ روک دی تھی جس سے روز مرہ کی ضروریات اور کرائے کی بلڈنگ ،جہاں ’’ہمارا گھر‘‘ کی بیٹیاں ابھی مقیم ہیں ،کے اخراجات پورے کرنا بھی ایک مسئلہ بن گیا تھا ۔ اس سال کے دوران ’’ہمارا گھر‘‘ کی اپنی بلڈنگ کی تعمیر شروع ہو چکی اور اب تک بلڈنگ کا گرے اسٹرکچر تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور اب فرش، دروازے، سیلنگ، کھڑکیوں وغیرہ کے کام ہونے ہیں جس کیلئے’’ہمارا گھر‘‘ انتظامیہ کو ان بچیوںکے ماہانہ وظیفے اور اپنے گھر کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے درد دل رکھنے والے مخیر افراد کی مدد درکار ہے۔ ابتدا میں تعمیر کے کام کیلئے بچیوں کے ایک ہائوس پر اخراجات کا تخمینہ کوئی دس لاکھ روپے تھا لیکن گزشتہ ایک سال کے دوران تعمیری اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔مجموعی طور پر 13 ہائوس تعمیر ہوں گے جن کے علاوہ اسکول بھی اسی بلڈنگ کا حصہ ہو گا جس میں دس کلاس رومز ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔ بے پناہ مہنگائی کی وجہ سے تعمیر کا مجموعی تخمینہ پہلے سے بہت بڑھ چکا۔ اس کے علاوہ جو بچیاں گریجویشن کر رہی ہیں اُن کی فیس بھی ادا کی جاتی ہے۔ ’’ہمارا گھر‘‘ کی ایک بچی کا ماہانہ خرچ کوئی دس ہزار کے قریب ہوتا تھا جو مہنگائی کہ وجہ سے اب بڑھ چکا۔ ان بچیوں کے بہتر مستقبل کیلئے اور اپنے لئے آخرت کمانے کی خاطر مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ ’’ہمارا گھر‘‘ کی مالی مدد کریں۔ اپنی تسلی اور اگر کچھ معلومات درکار ہوں تو ’’ہمارا گھر‘‘ کے منتظم طارق ستی (جو اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر یہ نیک کام کر رہے ہیں) سے موبائل نمبر 03217928888 پر رابطہ ہو سکتا ہے۔ ’’ہمارا گھر‘‘ کے بینک اکاونٹ کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

Hamara Ghar Welfare Trust, Account No: 0010078692110019, Branch code 1055, Swift code ABPAPKKA, IBAN# PK15ABPA0010078692110019, Allied Bank Ltd. D-12 Markaz, Islamabad.

دوسرا پروجیکٹ ایبٹ آباد حویلیاں میں غریب شہریوں کو مفت ڈائلیسز کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کڈنی سینٹر کا ہے جسے قائم کرنے والے ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے مجھے بتایا کہ اس سال اس کڈنی سینٹرکو مزید توسیع دےکرپچاس بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جس میں آئی سی یو کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ اب سینٹر کیلئے آئی سی یو کی مشینوں اور بیڈز وغیرہ کے لئےکوئی ڈھائی کروڑ روپے درکار ہیں۔ اس کے علاوہ ڈائلسز کی مشینوں میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا جا سکے۔ ڈاکٹر صاحب کے مطابق جب یہ پروجیکٹ مکمل ہو گیا تو پھر اللہ کے کرم سے یہاں کڈنی ٹرانسپلانٹ کی بھی سہولت میسر ہو گی۔ ابھی یہ کڈنی سینٹر ہزاروں مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے۔ اس سینٹر میں تقریباً 70 فیصد مریضوں کا مفت ڈائلسز کیا جاتا ہے۔ اس سینٹر کے موبائل یونٹس بھی ہیں جو دیہی علاقوں میں جا کر لوگوں کی اسکریننگ کر کے کڈنی کے مرض کی تشخیص اور اسٹیج کا تعین کر نے کے ساتھ ساتھ متعلقہ بیماریوں کی تشخیص بھی کرتے ہیں۔ ایسے افراد جو ڈاکٹر خلیل الرحمٰن صاحب کے ادارے کی مدد کرنا چاہیں، وہ ان سے موبائل نمبرز 03328501855 اور 03005598569پررابطہ کر سکتے ہیں۔پاکستان ویلفیئر سوسائٹی ٹرسٹ جس کی زیر نگرانی یہ کڈنی سینٹرچلایا جا رہا ہے، اس کی اکاونٹ تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:

Account title- Trust Pakistan Welfare Society; Account No: 0010019963110010; Branch code 0750; Allied Bank of Pakistan, G-10 Markaz Islamabad.

(کالم نگار کے نام کے ساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں 00923004647998)

Source: Jung News

Read Urdu column Aap ki imdaad k Muntazir By Ansar Abbasi

Leave A Reply

Your email address will not be published.