کٹھمنڈو ائیرپورٹ پر مسافر طیارہ گر کر تباہ، حادثے سے چند لمحے قبل ٹریفک کنٹرولر چیخ چیخ کر پائلٹ کو کیا کہتا رہا؟ ریکارڈنگ سامنے آگئی، ہر شخص کو افسردہ کردیا

پیر کے روز نیپال کے کٹھمنڈو ائیرپورٹ پر پیش آنے والے المناک فضائی حادثے میں 49 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے آنے والا یہ طیارہ رن وے پر پہنچنے سے قبل ہی حفاظتی باڑ سے ٹکرایا اور پھر گرتے ہی شعلوں میں لپٹ گیا۔ اب ایک جانب نیپالی ائرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ پائلٹ کی غلطی سے حادثے کا شکار ہوا تو دوسری جانب بنگلادیشی ائرلائن کہہ رہی ہے کہ ائرپورٹ کے کنٹرول ٹاور نے غلط ہدایات دیں۔ ایسے میں کنٹرول ٹاور کی ریکارڈنگ بھی سامنے آ گئی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ طیارہ غلط سمت سے لینڈنگ کے لئے آ رہا تھا اور کنٹرول ٹاور سے چیخ چیخ کر اسے مرنے کے لئے کہا جا رہا تھا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طیارے کی کریش لینڈنگ سے عین پہلے ائیرٹریفک کنٹرولر پائلٹ سے بار بار کہہ رہا تھا ” طیارے کا رخ بدلو،میں دوبارہ کہتا ہوں کہ طیارے کو موڑو!“

یو ایس بنگلہ ائیرلائن نے نیپالی ائرپورٹ حکام کے مﺅقف کو رد کیا ہے اور کہا کہ ائیرٹریفک کنٹرول کی غلطی سے ہی طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ تریبھووان انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی اپنے مﺅقف پر قائم ہیں کہ طیارہ لینڈنگ کیلئے غلط سمت سے آیا۔ یوایس بنگلہ ائیرلائن کے چیف ایگزیکٹو عمران آصف کا کہنا تھا ”کنٹرول ٹاور کی جانب سے ہمارے پائلٹ کو غلط ہدایات دی گئیں۔ ہمارا پائلٹ تجربہ کار انسٹرکٹر تھا اور اس کا پرواز کا تجربہ 5ہزار گھنٹے سے زائد تھا۔ غلطی کنٹرول ٹاور کی جانب سے ہوئی ہے۔“ اس کے برعکس ائیرپورٹ کے جنرل منیجر راج کمار چیٹری کا کہنا تھا ”پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کی ہدایات کو نظر انداز کردیا اور غلط سمت سے لینڈنگ کے لئے آیا۔ طیارے کو دائیں جانب سے آنا چاہئیے تھا جبکہ یہ بائیں جانب سے آیا اور ائیرپورٹ کی باڑ سے ٹکرا کر رن وے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔“

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.