حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان مہنگا پڑ گیا – مولانا فضل الرحمان ہسپتال پہنچ گئے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طبیعت ناسازی کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو چکر آرہے تھے جس کے بعد انہیں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کا چیک اپ کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے مولانا فضل الرحمان کے معدے کا چیک اپ کیا اور رپورٹ آنے تک انہیں اسپتال میں رکنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’سر چکرانے کے بعد الٹی بھی ہوئی جس کے بعد ڈاکٹر سے رجوع کیا، ڈاکٹر نے مشورہ دیا اسپتال آکر مکمل چیک کرالیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’الحمد اللہ اب میں بالکل ٹھیک ہوں،اجلاس اور ملاقاتیں بھی کررہا ہوں بس آج چکر آئے، یہ تکلیف پہلےکم تھی مگر آج زیادہ محسوس ہوئی‘۔

متحدہ مجلس عمل کے رہنما اکرم درانی مولانا فضل الرحمان کی عیادت کےلئے اسپتال پہنچے اور انہوں نے جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھی مولانا فضل الرحمان کو دل میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی جس کے بعد انہیں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز سے انہیں رپورٹ کی روشنی میں ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

قبل ازیں 2016 میں بھی جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ کو لبلبے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اُن کا باقاعدہ علاج ہوا تھا اور پھر رپورٹس ٹھیک آنے پر ڈاکٹر نے انہیں چھٹی دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہ اپنے سیاسی سفر میں پہلی بار ایوان سے باہر ہیں۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.