سینیٹر مشاہد اللہ کے پی آئی اے میں کام کرنے والے تمام رشتہ داروں کی فہرست سامنے آ گئی ، ہنگامہ برپا ہو گیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور ن لیگی سینیٹر مشاہد اللہ کے درمیان کچھ عرصہ پہلے لفظی جنگ دیکھنے میں آئی ، فواد چوہدری ان پر اکثر الزامات عائد کرتے تھے کہ مشاہد اللہ کے خاندان کے بیشتر افراد پی آئی اے میں نوکر ی کر رہے ہیں جبکہ ن لیگی رہنما کی جانب سے بھی سخت رد عمل سامنے آتاتھا اور نوبت تو یہاں تک آ گئی تھی کہ فواد چوہدری کو معافی نہ مانگنے پر سینیٹ کے اجلاس سے بھی واپس بھیج دیا گیا تھا ۔

فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ وہ مشاہد اللہ کے اہل خانہ کے ان افراد کے نام سامنے لائیں گے جو کہ پی آئی اے میں نوکری کررہے ہیں تاہم اب وزیر اطلاعات نے وہ فہرست جاری کر دی ہے ۔فواد چوہدری کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ ” یہ مشاہد اللہ کے بھائیوں اور کزنوں کی تفصیلات ہیں جو کہ پی آئی اے میں ملازمت پر تھے اور ہیں ۔

فواد چوہدری کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق مشاہد اللہ نے پی آئی اے میں بطور لوڈر یکم فروری 1990 کو نوکری حاصل کی اور انہوں نے 28 مئی 1997 کو پیسنجر سروس سپر وائزر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ۔

مشاہد اللہ خان کے بھائی مجاہد اللہ خان نے فروری 1980 میں بطور فلائٹ سٹیورڈ ملازمت حاصل کی اور سینئر پرسر کے عہدے سے اگست 2015 میں ریٹائر ہوئے ۔

مشاہد اللہ خان کے دوسرے بھائی راشداللہ خان نے جون 1978 میں پی آئی اے میں بطور ٹریفک اسٹنٹ نوکری حاصل کی ، وہ 2005 تک بطور منیجر پاسپورٹ اور ویزا کے عہدے پر اسلام آباد اور راولپنڈی کے سٹیشنز پر تعینات رہے ۔راشداللہ 2007 تک پی آئی اے کے کمرشل ڈپارٹمنٹ میں بطور ڈپٹی جنرل منیجر فرائض انجام دیتے رہے ۔

راشد اللہ خان اس کے بعد 2014 میں امریکہ میں بغیر کسی تجربہ کے کنٹری منیجر کیلئے نامزد ہوئے ، 9 اگست 2016 میں وہ نیویارک میں بطور کنٹری منیجر ریٹائر ہوئے ۔

مشاہد اللہ کے تیسرے بھائی ساجد اللہ خان دسمبر 1988 میں پی آئی اے میں بطور ٹرینی آفیسر تعینات ہوئے تاہم اس وقت وہ لندن میں سٹیشن منیجر کے عہدے پر تعینات ہیں ۔ 13 فروری 1995 کو انہیں نیو یارک میں اسسٹنٹ سٹیشن منیجر کی ذمہ داریاں دی گئیں تاہم 1997میں ان کا تبادلہ ڈھاکہ سٹیشن میں کر دیا گیا اور وہ ڈھاکہ میں کراچی واپسی تک فرائض انجام دیتے رہے ۔اس کے بعد انہیں تین سال کیلئے برمنگھم میں سٹیشن منیجر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ۔

مشاہد اللہ خان کے رشتہ داراور کزن مطیع اللہ خان نے 1978 میں پی آئی اے میں بطور جونیئر کمیونیکیشن اسسٹنٹ نوکری حاصل کی اور اس وقت وہ پیرس میں سٹیشن منیجر تعینات ہیں ۔

مشاہد اللہ کے ایک رشتہ دار جن کا نام احمد ندیم پاشا ہے انہیں پی آئی اے میں 8 نومبر 1976 میں جونیئر کمیونیکیشن اسسٹنٹ کی نوکری ملی وہ اس وقت بغیر کسی ذمہ داری کے نوکری کر رہے ہیں ۔

فواد چوہدری کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ پی آئی اے نے سینیٹر کی 54 ہزار پاونڈ پر مشتمل لندن میں میزبانی بھی کی اور معافی بھی ہم مانگیں ۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.