تسکین احمد کے آنسودیکھ کرسلیکٹرزکا دل پسیج گیا

بنگلہ دیش نے آئرلینڈ میں شیڈول ٹرائنگولر سیریز کیلیے فاسٹ بولر کو اسکواڈ میں شامل کرلیا، حیران کن طور پر فرہاد رضا کو بھی ٹورپارٹی کا حصہ بنادیا گیا، پلیئرز کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ چکی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں جب بنگلہ دیش کی جانب سے ورلڈ کپ اور اس سے قبل آئرلینڈ میں شیڈول ٹرائنگولر سیریز کیلیے اسکواڈز کا اعلان کیا گیا تو فاسٹ بولر تسکین احمد کو اپنا نام نہ دیکھ کر کافی مایوسی ہوئی تھی، وہ میڈیا سے بات چیت کے دوران رو پڑے تھے تاہم اب ان کو بھی میگا ایونٹ کے حوالے امید کی کرن دکھا دی گئی ہے، انھیں ٹرائنگولر سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، ان کی طلبی زیادہ حیران کن بھی نہیں کیونکہ انھیں پہلے ہی میگا ایونٹ کے لیے ریزرو کھلاڑی قرار دیا گیا تھا کیونکہ اسکواڈ میں شامل پیسرز روبیل حسین اور مستفیض الرحمان کی فٹنس کے حوالے سے کچھ تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کے ساتھ فرہاد رضا کی طلبی پر البتہ کچھ حیرت پائی جاتی ہے کیونکہ وہ 2014 کے ورلڈ ٹی 20 کے بعد سینئر ٹیم کا حصہ ہی نہیں رہے جبکہ آخری بار انھوں نے ون ڈے انٹرنیشنل 2011 میں کھیلا تھا۔

ان کیلیے خود کوچ اسٹیو رہوڈز نے درخواست کی ہے کیونکہ انھیں محمد سیف الدین کے متبادل کی ضرورت تھی جوکہ ٹینس ایلبو کا شکار ہے جبکہ فرہاد گذشتہ ہفتے ختم ہونے والی ڈھاکا پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ثابت ہوئے ہیں۔ ان دونوں کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کیلیے اسکواڈ کی تعداد اب 19 تک جاپہنچی ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے ہی دو اضافی کھلاڑی نعیم حسن اور یاسر علی منتخب کیے جاچکے ہیں۔ ٹرائنگولر سیریز 5 مئی سے ڈبلن میں شروع ہوگی جس میں میزبان کے ساتھ تیسری ٹیم ویسٹ انڈیز ہوگی، بنگال ٹائیگرز اپنا پہلا میچ 7 مئی کو کیریبیئن سائیڈ کے خلاف کھیلیں گے، تینوں ٹیموں دودو مرتبہ آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ فائنل 17 مئی کو شیڈول ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.