عمران خان یس مین نہیں – حامد میر

’’تمہیں ذمہ داری اس وقت ملے گی جب تم اس ذمہ داری کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہو جائو گے۔‘‘

یہ الفاظ میاں بشیر صاحب کے تھے جو انہوں نے 2002ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کے کچھ عرصہ بعد عمران خان کو کہے تھے۔ ان انتخابات میں محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف پاکستان میں نہیں تھے لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف صرف ایک نشست حاصل کر سکی تھی جس پر عمران خان میانوالی سے کامیاب ہوئے تھے ۔انتخابات سے پہلے تحریک انصاف کے کئی اہم امیدوار عمران خان کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ق) میں چلے گئے تھے کیونکہ انہیں پتہ چل گیا تھا کہ جنرل پرویز مشرف انکی پارٹی کے خلاف ہے۔ انتخابات میں ناکامی کے بعد تحریک انصاف کے بعض رہنما مایوسی کا شکار ہو کر سیاست چھوڑ گئے تھے ۔انتخابی مہم کے اخراجات پورے کرنے کیلئے عمران خان نے کچھ قرضے بھی لئے تھے جس کی وجہ سے تحریک انصاف شدید مالی بحران کا شکار تھی ۔عمران خان سخت پریشان تھے اور اسی پریشانی کے عالم میں ایک دن وہ اپنے پرانے دوست گولڈی(عمرفاروق) کے ساتھ میاں بشیر کے پاس پہنچے ۔میاں بشیر صاحب سے عمران خان دین کے ساتھ ساتھ دنیا کے معاملات میں بھی رہنمائی لیا کرتے تھے ۔گولڈی نے مایوسی اور شکست خوردہ لہجے میں میاں بشیر صاحب سے پوچھا کہ ہماری پارٹی کب اقتدار میں آئے گی ؟میاں بشیر صاحب نے اپنی آنکھیں بند کرلیں۔

Comments are closed.