کیا لکھوں! – ارشاد بھٹی

irshad bhatti

کیا لکھوں، 2017،قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم الیکشن بل، حلف نامہ کے الفاظ بدلے، تحریک لبیک کا 5نومبر سے 27نومبر تک فیض آباد پر دھرنا، مذاکرات کامیاب ہوئے، وزیرقانون زاہد حامد کا استعفیٰ، دھرنا ختم، کیا لکھوں، فرانس میں متنازعہ خاکوں کی اشاعت، نومبر2020، فیض آباد پر تحریک لبیک پاکستان کا دوسرا دھرنا، پھر مذاکرات، مذاکرات کامیاب، حکومت، تحریک لبیک میں معاہدہ، حکومت دو سے تین ماہ میں پارلیمنٹ سے قانون سازی کے بعد فرانس کے سفیر کو ملک بدرکرے گی، فرانس میں پاکستان کا سفیر نہیں لگایا جائے گا، تمام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا، تحریک لبیک کے تمام کارکنوں کو رہا کر دیا جائے گا، کیا لکھوں، پہلے جنوری پھر اپریل 2021، تحریک لبیک معاہدے پر عملدرآمد کیلئے سڑکوں پر آگئی، حکومت، تحریک لبیک والے پھر بیٹھے، تین مذاکراتی دور ہوئے، تیسرا معاہدہ، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد قومی اسمبلی جاپہنچی، کیا لکھوں، تحریک لبیک کا پہلا دھرنا، لیگی حکومت، عمران خان، شیخ رشید اپوزیشن میں تھے، عمران خان دھرنے والوں کے ساتھ کھڑے تھے، بولے ’’میرا اپنا دل چاہ رہا دھرنے میں جا بیٹھوں ‘‘شیخ رشید کی وہ جوشیلی تقریریں، پورے ملک کو آگ لگادوں، اسمبلی کو آگ لگا دوں، کیا لکھوں، ڈری، سہمی لیگی حکومت نے غلطیوں پہ غلطیاں کیں، وزراء کے گھروں پر حملے ہوئے، نواز شریف کو جامعہ نعیمیہ میں جوتا لگا، خواجہ آصف کے منہ پر سیاہی پھینکی گئی، احسن اقبال کو گولی لگی، زاہد حامد کو وزارت چھوڑنا پڑی، ڈرے سہمے اقدامات، حکومت نے تمام ٹی وی چینلز بند کئے، کیا لکھوں، فیض آباد دھرنا پارٹ ٹو، اس بار حکومت تبدیلی سرکار کی، وزیراعظم عمران خان، ڈری، سہمی حکومت نے جو معاہدہ کیا، اس کی مثال ملنا مشکل، گھٹنے ٹیک کر کوئی حکومت ایسا معاہدہ بھی کر سکتی ہے، یہ سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

کیا لکھوں، اس بار معاہدے پر عملدرآمد کیلئے تحریک لبیک سڑکوں پر آئی، دودن سڑکیں، رستے بند، دو دن مظاہرین نے رج کے پولیس کو پھینٹیاں لگائیں، سرکاری املاک جلائیں، مارکٹائیاں، تشدد، دو دن حکومت، حکومتی رٹ غائب، پنجاب میں سائیں بزدار سے نیچے تک سب غائب، مرکز میں عمران خان سے وزیرداخلہ شیخ رشید تک سب کے سب چند بڑھکیں مارکر روپوش، کیا لکھوں، کل ڈرانے والے عمران خان اور شیخ رشید اس بار خود ڈرے ہوئے، دو دن مارکھانے کے بعد جاگے تو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پر پابندی لگادی، سعد رضوی سمیت تحریک لبیک کے بڑوں کو پکڑ لیا، مقدمے درج ہوئے، 5پولیس اہلکاروں کے قتل، ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی ایف آئی آریں درج ہوئیں، کروڑوں کے نقصان کے مقدمے الگ، کیا لکھوں، ابھی خوشی ہو ہی رہی تھی کہ حکومت جاگی، حکومت کے ہاتھ پاؤں پھر سے پھول گئے، سعد رضوی کے پاس جیل میں مذاکراتی وفد پہنچ گیا، بات چیت شروع ہوگئی، شیخ رشید کا ویڈیو کلپ سامنے آگیا، فرمارہے تھے، فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد اسمبلی میں پیش ہوگی، تحریک لبیک کے کارکنوں پر بنے مقدمات ختم کر دیئے جائیں گے، نئے اور پرانے فورتھ شیڈول کا خاتمہ ہوجائے گا، کیا لکھوں، پہلا معاہدہ، وزیراعظم عباسی، وزیرداخلہ احسن اقبال، دوسرا معاہدہ، وزیراعظم عمران خان، وزیرداخلہ بریگیڈئیر اعجاز شاہ، اس بار وزیراعظم عمران خان، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری سب کے سب نے بدحواسیوں، قلابازیوں کے ریکارڈ توڑے اور اُنہوں نے مولانا خادم رضوی سے سعد رضوی تک سب کے سامنے گھٹنے ٹیکے۔

کیا لکھوں، امام الانبیاء ختم المرسلین، پیارے نبی ؐ سے محبت کرنے والوں سے چند سوال،50سے زیادہ اسلامی ممالک، کسی ملک میں یہ ردِعمل، کہیں رسول ؐ سے محبت کرنے والوں نے اپنی پولیس کو قتل کیا، اپنے لوگوں کو مارا، اپنے گھر جلائے، اپنے رستے، سڑکیں بندکیں، سعودی عرب جہاں ﷲ اور پیارے رسول ؐ کے گھر، وہاں فرانسیسی متنازع خاکوں پر رد ِعمل کیسارہا،وزیراعظم عمران خا ن کی طرح، ترکی کے صدر فرانسیسی صدر کیخلاف کھل کر بولے، مگر اب وہ بھی فرانسیسی صدر کو ٹیلی فون کر چکے، تعلقات نارمل کررہے، سوال یہ بھی، یہاں ہم نے اپنے مسلمان بھائیوں کو مارکر، اپنے رستے، سڑکیں بند کرکے، اپنوں کاجلاؤ گھیراؤ کرکے فرانس کا کیا بگاڑ لیا، فرانس کا کچھ بگاڑنا ہے تو 50 مسلم ممالک ملکر بگاڑ سکتے ہیں، تمام اسلامی ممالک ملکر فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیں، فرانس سے تجارت منقطع کردیں، فرانس چند ماہ بعد ہی گھٹنوں پر آجائے، مگر لاہور میں سرکاری ونجی گاڑیاں جلانے سے فرانس کا کچھ بگڑا نہیں اور نہ بگڑے گا، سوال یہ بھی، پولیس والوں کو قتل کیا گیا، کیا وہ مسلمان نہیں تھے، کیا وہ کلمہ گو نہیں تھے، کیا وہ رسول ؐ کے امتی نہیں تھے، کیا وہ رسول ؐ سے محبت کرنے والے نہیں تھے، سوال یہ بھی، کیا رسول ؐ سے محبت یہ سکھاتی ہے کہ اپنے بے گناہ کلمہ گو مسلمانوں کو جان سے ماردیں، کیا رسول ؐ سے محبت یہ سکھاتی ہے کہ اپنے بے گناہ مسلمان بھائیوں کو پھینٹیاں لگائیں، ان پر تشدد کریں،کیا رسول ؐ سے محبت یہ سکھاتی ہے کہ رستے بند کردیں، سڑکیں بلاک کردیں۔

کیا لکھوں، میرے پیارے رسولؐ، میری جان بھی آپؐ پر قربان، مسلمان چھوڑیں، غیرمسلموں سے سلوک چھوڑیں، آپؐ کا جانوروں، پرندوں سے سلوک دیکھ لیں، آپؐ تو رحمت اللعالمین، آپ ؐنے تو سبز درختوں کو کاٹنے سے منع فرمایا، آپؐ کا ہی فرمان ’’ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل‘‘، کیا لکھوں، ایک طرف ریاست مدینہ کے دعویداروں کی حکومت جبکہ دوسری طرف نبیؐ سے محبت کرنے والے، کیا لکھوں، ایک طرف فیٹف زنجیروں میں جکڑا پاکستان جبکہ دوسری طرف پوری دنیا میں مخول، مذاق بنا ہوا پاکستان، کیا لکھوں، ایک طرف نیوکلیئر طاقتوں والا پاکستان جبکہ دوسری طرف ضعف جگر کی ماری لاغر، کنفیوژن سے لبالب بھری، نااہل، نالائق، بےسمتی حکومتیں، کیا لکھوں، اب تو باہر ہماری کوئی عزت نہ ملک میں ہماری کوئی ویلیو، کیا لکھوں، یورپی یونین پی آئی اے پر غیرمعینہ مدت تک پابندی لگا چکی، برطانیہ نے پاکستان کو منی لانڈرنگ کے حوالے سے 21ممالک کی ریڈ الرٹ فہرست میں ڈال دیا، کورونا ریڈ لسٹ اس کے علاوہ، ہمارا قومی اسمبلی اسپیکر وفد کے ہمراہ کابل جائے، افغان حکومت جہاز اترنے ہی نہ دے، جہاز کابل ائیر پورٹ پر چکر لگا کر واپس آجائے، فیفا پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی لگادے، ایک وفاقی وزیر کو برطانیہ ویزا ہی نہ دے، کیا لکھوں، قرضے اتنے، سود چکانا مشکل، دوسال پہلے تک ہم پر فرانسیسی قرضہ 90کروڑ یورو، فرانس ٹیکسٹائل، گارمنٹس کا بڑا خریدار، سوا لاکھ پاکستانی وہاں، اب کیا لکھوں، کتنا لکھوں۔

Source: Jung News

Read Urdu column Kia Likhon By Irshad Bhatti

Leave A Reply

Your email address will not be published.