”وزیر اعظم ہیلی کاپٹر اس لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس کا فی کلومیٹر خرچہ 50 روپے ہے “ فواد چوہدری نے ایسا بیان دے دیا کہ آپ بھی ہواﺅں میں اڑنے لگیں گے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم اس لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس کا ایک کلومیٹر کا خرچہ 50 سے 55 روپے پڑتا ہے۔واضح رہے کہ پی پی رہنما سید خورشید شاہ نے کچھ روز پہلے کہا تھا کہ عمران خان روزانہ وزیر اعظم ہاﺅس سے بنی گالہ کے 2 چکر لگاتے ہیں جس کیلئے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا جاتا ہے جس کا خرچہ تین لاکھ روپے بنتا ہے۔

فواد چوہدری کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہخورشید شاہ ہمارے بزرگ ہیں لیکن وہ پائلٹ تھوڑے ہی ہیں جو انہیں خرچے کا پتا ہو، آپ کسی بھی پائلٹ سے پوچھیں تو وہ آپ کو بتائے گا کہ ہیلی کاپٹر کا ایک کلومیٹر کا خرچہ 50 سے 55 روپے پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اپنا ہو تو یہ کافی سستا پڑتا ہے اگرہیلی کاپٹر کرایے پر نہ لیا جائے تو یہ سب سے بہترین ذریعہ ہے کیونکہ اس سے لوگوں کیلئے پریشانی بھی نہیں ہوتی اور ڈیکورم بھی قائم رہتا ہے۔ بنی گالہ جاتے ہوئے ٹریفک روک کر لوگوں کو پریشان کرنے سے بہتر ہے کہ ہیلی کاپٹر استعمال کیا جائے ، وزیر اعظم کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کا یہ جائز استعمال ہے ناجائز نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 2005 کے زلزلے میں ریلیف کے کاموں میں پاک فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹرز استعمال کیے گئے تھے۔ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل شوکت سلطان نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ریلیف آپریشن میں مختلف اقسام کے 90 ہیلی کاپٹرز استعمال ہورہے ہیں ۔ ایک ہیلی کاپٹر ایک گھنٹے میں 600 سے 800 لٹر اور 8 گھنٹوں کی فلائٹ کے دوران 6 ہزار 400 لٹر ایندھن استعمال

کرتا ہے ۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ اگر ایک ہیلی کاپٹر پورا دن اڑتا رہے تو اس کے ایندھن کا خرچہ 6 ہزار سے 10 ہزار ڈالر تک ہوسکتا ہے۔ جس وقت یہ انٹریو دیا گیا تھا ان دنوںایک ڈالر پاکستان کے 60 روپے کے برابر تھا جبکہ آج ڈالر 2005 کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زائد مہنگا ہوچکا ہے۔


Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.